لکھیم پور کھیری:26/جون(ایجنسی) تھانہ پھردھان حلقہ کے موضع گوریا میں ہنگامہ کرنے والے نے تین مسلم نوجوانوں کی پٹائی کی اور پوری رات یرغمال بنائے رکھا۔ تینوں کو صبح پولیس کے حوالے کردیاگیا۔ پولیس معاملہ کی جانچ کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق تھانہ پھردھان حلقہ کے موضع گوریا میں رہنے والے سورج مشرا ولد کیلاش نرائن کے دورازے پر گائے بندھی تھی۔ کسی طرح گائے کھونٹے سے چھوٹ گئی۔ کیلاش کے بیٹے سورج واسی گاؤں میں رہنے والے نام نہاد گاؤ رکشکوں کا کہنا ہے کہ وہ لوگ گائے کو تلاش کررہے تھے اسی دوران قریب ہی باغ میں ہلچل محسوس ہوئی۔ جاکر دیکھا وہاں گائے ایک درخت سے بندھی ہوئی تھی اور وہیں گوریاں کے رہنے والے طالب خاں ولد عبدالغفار خاں، بھورے ولد صابر، گولوولد صفی خاں موجود تھے اور گائے کو ذبح کرنے کا پروگرام بنارہے تھے۔ بتایا جاتاہے کہ سورج واس کے ساتھیوں نے تینوں نوجوان کو پکڑ کر بے تحاشہ پٹائی کی۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ پھردھان ونیم گاؤں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور معاملہ کی حقیقت سمجھ کر لوگوں کو سمجھا بجھا دیا۔ پولیس کے واپس جانے کے بعد تینوں نوجوانوں کو دوبارہ پکڑ کر پوری رات گاؤں کے پردھان کے دروازے پر بیٹھائے رکھاگیا۔ الزام ہے کہ یہاں بھی لوگوں نے تینوں نوجوان سے مارپیٹ کی۔ خبر پاکر صبح پھردھان کی پولیس دوبارہ گوریا پہنچی اور تینوں نوجوانوں کو اپنی حراست میں لے لیا۔ اسی واقعہ سے گاؤں میں کشیدگی ہے۔ تینوں نوجوان کے گھر والوں کاکہنا ہے کہ الزام سراسر بے بنیاد ہے۔ ان کا اس کام سے دور دور تک واسطہ بھی نہیں ہے۔ تینوں بے قصور نوجوانوں کے ساتھ اس برتاؤ سے مسلمانوں میں شدید ناراضگی ہے۔ فی الحال پولیس پورے معاملے کی جانچ کررہی ہے۔